عاشورہ کے بعد میٹا (فیس بک) جزوی بندش کے بعد دوبارہ بحال

اسلام آباد :(دنیا نیوز) پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم میٹا( فیس بُک) کی سروس 10 محرم الحرام کو دن بھر جزوی بندش کے بعد دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔

انٹرنیٹ کی نگرانی کرنے والے نیٹ بلاکس نے کہا کہ 10 محرم الحرام کے موقع ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بُک کی سروسز کے استعمال میں رکاوٹ دیکھی گئی،عاشورہ کے موقع پر عام طور پر موبائل انٹرنیٹ سروسز کو محدود کردیا جاتا ہے۔

صارفین سمیت متعدد ذرائع سے اسٹیٹس رپورٹس کو اکٹھا کرکے انٹرنیٹ بندش کا پتہ لگانے والے ادارے ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا کہ صارفین کی رپورٹس فیس بک تک رسائی میں دشواریوں کی نشاندہی کرتی ہیں،تاہم رات آٹھ بجے کے بعد سے فیس بُک کی سروسز ملک بھر میں بحال ہونا شروع ہو چکی ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان حکومت نے پہلے ہی محرم کے چار دنوں کے دوران صوبائی دارالحکومت اور بعض دیگر حساس اضلاع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

واضح رہے پنجاب حکومت نے بھی وزارت داخلہ سے 6 سے 11 محرم تک انٹرنیٹ پر سوشل میڈیا ایپلی کیشنز بند کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ فرقہ وارانہ تشدد سے بچنے کے لیے نفرت انگیز مواد اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو کنٹرول کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں