پیرس اولمپکس کے میدان پریمی جوڑوں کو ملانے کا ذریعہ بن گئے
پیرس :(ویب ڈیسک ) پیرس اولمپکس میں جہاں دنیا بھر سے آئے کھلاڑیوں کے درمیان مختلف ایونٹ کے مقابلے کا انعقاد ہو رہا ہے وہاں پر بہت سے دلچسپ واقعات رونما ہورہے ہیں۔
ایسا ہی ایک اور دلچسپ واقعہ گزشتہ روزبھی پیش آیا جس میں سپرنٹر ایلس فینو نے خواتین کے 3000 میٹر سٹیپل چیس مقابلے میں چوتھے نمبر پر آنے کے فوراً بعد اپنے ساتھی برونو مارٹینز کو شادی کی پیش کردی۔
فینو سٹیڈ ڈی فرانس میں 8 منٹ اور 58 سیکنڈ کے ریکارڈ کے ساتھ 3000 میٹر کے سٹیپل چیس کوالیفائر میں چوتھے نمبر پر آئیں اور اسی مقابلے میں تمام یورپی خواتین ایتھلیٹس میں سب سے تیز ترین کھلاڑی بن گئیں۔
کھیلوں میں ایک مقصد حاصل کرنے کے بعد فینو ذاتی مقصد کے حصول کے لیے آگے بڑھی، اس نے اپنے قریبی لوگوں کے ساتھ جشن منایا، اپنے ساتھی برونو مارٹینز کو گلے لگایا پھر باکس کھولا اور ایک گھٹنے کے بل نیچے بیٹھ گئی اور شادی کی پیش کش کردی، دونوں مقاصد کے حصول کے لیے شائقین سے بھرے سٹیڈیم میں اس نے سب کے سامنے خوشی کا اظہار کیا۔
فینو نے اپنے ساتھی کو جو دکھایا وہ انگوٹھی نہیں تھی بلکہ ایک بروچ تھی، اس کی وضاحت اس نے ایک انٹرویو میں کی تھی کہ اس نے زیورات کے معمول کے ٹکڑوں کے بجائے بروچ کا انتخاب کیوں کیا۔
33 سالہ رنر نے انکشاف کیا کہ میں نے اپنے آپ سے کہا کہ اگر میں 9 منٹ سے بھی کم وقت میں ریس مکمل کروں تو میں اسے شادی کی پیش کش کردوں گی، یہ میرا پسندیدہ نمبر ہے اور ہم نے 9 سال ایک ساتھ گزارے ہیں۔
خیال رہے گزشتہ ہفتے چینی بیڈمنٹن کے کھلاڑی ہاؤنگ یاکیونگ نے اپنی ہم وطن خاتون زہینگ سیوئی کو شادی کی پیشکش کی تھی اور گراؤنڈ میں باقاعدہ طور پر انگوٹھی بھی پہنائی تھی۔
واضح رہے قبل ازیں اولمپکس مقابلوں کے دوران ارجنٹائن کی ہینڈ بال ٹیم کے کھلاڑی پابلو سائمونٹ نے ہم وطن ہاکی کی کھلاڑی ماریہ کو شادی پیشکش کی، دونوں کھلاڑیوں کی اولمپک ولیج میں منگنی ہوئی تھی۔