مولانا فضل الرحمان کا امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کے اعزاز میں عشائیہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ان کی رہائشگاہ پر امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔
عشایئے میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سمیت سعودی وفد نے بھی امام مسجد نبویؐ کے ہمراہ شرکت کی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین بھی عشائیہ میں شریک ہوئے۔
امام مسجد نبویؐ نے مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر نماز مغرب کی امامت بھی کی، اس موقع پر امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت تمام قیادت کا مشکور ہوں، پاکستان ہمارا اپنا ملک ہے، یہاں آکر مجھے بے حد خوشی ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں آکر مجھے اس بات کا اندازہ ہوا کہ پاکستانی کس قدر سعودی عرب سے محبت کرتے ہیں، میں اس بات کی تائید کرتا ہوں کہ پاکستان، سعودی عرب اور سعودی عرب پاکستان ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں ہمارے گھر کوعزت بخشی۔
انہوں نے کہا کہ میں حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے تمام تر کوششیں کرتے ہیں۔