مسلح افواج دفاع کیلئے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں: CJCSC، سروسز چیفس

راولپنڈی : (دنیانیوز) مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے قوم کو یومِ آزادی پر مبارک باد دی ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کا کہنا ہے کہ یہ اہم موقع مسلمانوں کے ایک علیحدہ وطن کے دیرینہ خواب کی تعبیر کی یاد دلاتا ہے، پاکستان کی مسلح افواج ملک کی جدوجہد میں حصہ لینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے کہا ہے کہ مسلح افواج ملکی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور اقدار کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :افواج پاکستان کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے: آرمی چیف

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے یہ بھی کہا ہے کہ مسلح افواج قوم کی طرف سے ان پر کیے گئے اعتماد کو قائم رکھتی ہیں، ہم محنت سے حاصل کی گئی آزادی کو عزت اور وقار کے ساتھ محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں آج 77 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہاہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں