مون سون بارشیں: سندھ میں فصلوں کو ہونیوالے نقصانات کے اعداد و شمار جاری

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ زراعت سندھ نے حالیہ بارشوں سے فصلوں کو ہونے والے نقصانات کے ابتدائی اعداد و شمار جاری کر دیئے۔

وزیر زراعت محمد بخش مہر نے بتایا کہ حالیہ بارشوں سے سندھ کے کاشتکاروں کو 86.86 بلین روپے کا نقصان ہوا ہے، سندھ میں حالیہ بارشوں سے 5 لاکھ 41 ہزار 351 ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کونقصان پہنچا ہے۔

محمد بخش مہر نے بتایا کہ 2 لاکھ 93 ہزار 580 ایکڑ اراضی پر کھڑی کپاس کی فصل کو نقصان پہنچا ہے، 35 ہزار 271 ایکڑ اراضی پر کھڑی چاول کی فصل کو مکمل اور 2 لاکھ 69 ہزار 16 ایکڑ اراضی پر فصل کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

وزیر زراعت سندھ کے مطابق 53 ہزار 195 ایکڑ اراضی پر کھڑی کھجور کو مکمل نقصان اور 32 ہزار 849 کو جزوی نقصان پہنچا ہے، سندھ میں 26 ہزار 382 ایکڑ اراضی پر کھڑی گنے کی فصل کو مکمل اور 69 ہزار 689 ایکڑ فصل کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

محمد بخش مہر نے بتایا کہ صوبے میں ہونے والی غیرمعمولی بارشوں سے کھجور 41 فیصد اور کپاس کی 21 فیصد فصل تباہ ہوگئی، بارشوں سے 3.4 فیصد ٹماٹر کی نرسری، 22 فیصد تل، 58 فیصد پیاز کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے بتایا کہ مرچ کی فصل کو 12 اور سبزیوں کو 18 فیصد نقصان پہنچا ہے، بدین، دادو، گھوٹکی، سکھر، حیدر آباد، لاڑکانہ، سانگھڑ، ٹھٹھہ، سجاول، میرپورخاص میں فصلوں کو نقصان پہنچا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں