بلوچستان میں بارشوں کے دوران حادثات سے جاں بحق افراد کی تعداد 42 ہو گئی

کوئٹہ: ( دنیا نیوز) بلوچستان میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات و واقعات سے جاں بحق افراد کی تعداد 42 ہو گئی۔

مون سون بارشوں سے متعلق پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث بلوچستان میں جاں بحق ہونے والوں میں 24 بچے، 3 خواتین اور 15 مرد شامل ہیں، بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 19 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں میں 14 بچے، 3 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں یکم جولائی سے اب تک بارشوں سے ایک لاکھ 68 ہزار 41 افراد متاثر ہوئے، طوفانی بارشوں سے 1591 مکانات مکمل منہدم جبکہ 15 ہزار 797 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے، سیلابی صورتحال سے 59 ہزار 719 ایکڑ پر فصلیں اور 179 کلو میٹر سڑکیں متاثر ہوئیں۔

پی ڈی ایم اے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث 7 پلوں کو نقصان پہنچا، صوبے میں بارشوں کے دوران 593 مویشی ہلاک ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں