علی امین گنڈاپور دوسرا 9 مئی کرنا چاہتے ہیں : فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد: (دنیانیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور دوسرا 9مئی کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کاکہنا ہے کہ علی امین نے کل جلسے میں بڑھکیں ماریں ، ان کے الفاظ پر پوری قوم کو افسوس ہے ، کل کے جلسے میں قانون توڑنے والوں کیخلاف وفاقی حکومت کارروائی کرے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آئین کو جو نہیں مانتا اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، 9 مئی میں ملوث لوگوں کے خلاف ہونی چاہیے ، ہم سپیڈی ٹرائل نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی نے مشیر لینے کی اجازت مانگی تھی ، میں نے سمری مسترد کردی ہے، میں نے آئین کے مطابق کام کرنا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کاکہنا تھا کہ کے پی کے جنوبی اضلاع میں حکومتی رٹ نہیں ، دہشتگردی کی اکثریت واقعات وزیر اعلیٰ صاحب کے ضلع میں ہورہی ہیں یا تو وزیر اعلیٰ بات نہیں کرسکتا یا دہشتگردوں کے ساتھ ملا ہوا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کہتا ہوں کہ وزیر اعلیٰ دہشت گردوں کے ساتھ ملا ہے ، دو تہائی اکثریت والا وزیر اعلیٰ صوبائی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لے، صوبے میں دہشتگردی اور بھتہ خوری عروج پر ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی میں امن و امان بحال نہیں کر سکا ، وزیر اعلیٰ کے پی اعتماد کھو چکا ہے وہ صوبائی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم اور وفاقی وزیر داخلہ فوری طور پر کے پی کی صورتحال پر خصوصی اجلاس بلائیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے ، پیپلز پارٹی نے کبھی تشدد کی بات نہیں کی ، سیاستدانوں کا احتساب آسان ہوتا ہے ججز اور جرنیل کا احتساب کون کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں