اسرائیلی فوج کے مظلوم فلسطینیوں پر حملے جاری، مزید 33 شہید
غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج کی غزہ میں مظلوم اور بے یارومددگار فلسطینیوں پر حملے جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 33 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے وسطی اور جنوبی غزہ میں گھروں اور پناہ گزین کیمپوں کونشانہ بنایا، غزہ سٹی اور جبالیہ میں پناہ گزینوں کے سکولوں پر بمباری میں 12 افراد شہید ہوئے۔
غزہ کے محصور علاقے میں اسرائیلی حملوں میں 6 فلسطینی شہید ہوئے، بوریج پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فضائی حملے میں 4 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 41ہزار سے تجاوز کر گئی، 95ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق غزہ سے 90 فیصد سکول تباہ ہوگئے، 6 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیمی سہولیات سے محروم ہوچکے، 20 لاکھ سے زائد فلسطینی ایک وقت کی روٹی سے محروم ہیں جبکہ سپتالوں میں ایندھن کی سپلائی روکنے سے ہزاروں مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں ہیں۔