کم وسائل کے باوجود ترقیاتی کام شروع کر دیئے: وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کے پاس وسائل کی کمی ضرورت ہے لیکن حکومت نے ترقیاتی کام شروع کر دیئے ہیں۔
اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی لوگ سنجیدگی کسے کہتے ہیں؟ امن و امان کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن اپنا کردار ادا کر رہی ہے، اپوزیشن جماعتوں کے تمام تحفظات دور کر دیئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سردار اختر جان مینگل نے اپنی مرضی سے استعفیٰ دیا، بنا تحقیق کے اگر کسی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل ہوا ہے تو اسے نکال دیا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے چلنے والی خبروں میں صداقت نہیں، وزرا اپنے دفاتر میں ہوتے ہیں، ثبوت سے کوئی بات کرے تو میں کارروائی کروں گا۔