قومی اسمبلی اجلاس: آئینی ترامیم کا مجوزہ پیکیج کل پیش کیے جانے کا امکان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئینی ترامیم کا مجوزہ پیکیج آج کے بجائے کل اتوار کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لیگی رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز فرانس سے اور جے یو آئی (ف) کے رکن مولانا عبدالغفور حیدری چین سے آج وطن واپس پہنچ جائیں گے۔
اعلیٰ حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئینی ترامیم کل پارلیمنٹ میں پیش کی جا سکیں گی، ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل بروز اتوار بلائے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب رحیم یار خان کے حلقہ این اے 171 سے منتخب ہونے والے پیپلز پارٹی کے رکن مخدوم طاہر رشیدالدین نے حلف اٹھا لیا۔
ڈپٹی سپیکر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیرصدارت قومی اسمبلی اجلاس کے آغاز پر نومنتخب رکن سے ڈپٹی سپیکر نے حلف لیا۔