ٹریبونل کیس: جسٹس طارق محمود جہانگیری کو تبدیل کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن ٹریبونل کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو تبدیل کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی اور الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کے خلاف کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو معاملہ واپس بھیجتے ہوئے دوبارہ فیصلے کی ہدایت کر دی جبکہ عدالت نے ریٹائرڈ جج شکور پراچہ کو الیکشن ٹریبونل کا جج مقرر کرنے کا آرڈر بھی کالعدم قرار دیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ تحریری فیصلہ کچھ دیر بعد جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ریٹائر جج کو الیکشن ٹریبونل تعینات کر دیا تھا، پی ٹی آئی امیدواروں نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کیا تھا، شعیب شاہین، عامر مغل اور علی بخاری نے ٹریبونل تبدیلی کے خلاف درخواستیں دائر کی تھیں۔