بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے میں ترقی یافتہ ممالک کا تعاون ناگزیر ہے: جعفر مندوخیل

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پسماندگی دور کرنے اور عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ترقی یافتہ ممالک کا تعاون بارآور ثابت ہو سکتا ہے۔

گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے جرمنی کے اعزازی قونصل جنرل میر مراد بلوچ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ان ممالک کے مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ ترقی یافتہ ممالک خاص طور پر جرمنی صحت، تعلیم اور ٹیکنالوجی وغیرہ میں اپنے جاری تعاون کو مزید وسعت دیگا۔

ملاقات میں امن و امان کی صورت حال اور اس کے باشندوں کیلئے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، نوجوانوں کا استعداد کار بڑھانے اور صاف پانی تک فراہمی کے مسائل زیر بحث آئے، انہوں نے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور صاف پانی کی فراہمی میں جرمنی کی کوششوں کی تعریف کی۔

خاص طور پر دیہی علاقوں میں اور سرکاری اداروں میں استعداد کار بڑھانے اور نوجوانوں میں جدید ہنر مندی کو فروغ دینے کی ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا۔

جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر ٹیکنالوجی کے شعبے میں خصوصی تعاون فراہم کرنا چاہئے اور اس حوالے سے جرمنی کی جانب سے صوبے کے نوجوانوں کو سکالرشپ بھی دیئے جاسکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں