روحیل نذیر اور معاذ صداقت پاکستان شاہینز کے 15 رکنی سکواڈ میں شامل
لاہور: (ویب ڈیسک) حسیب اللہ اور مہران ممتاز کی جگہ وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر اور آل راونڈر معاذ صداقت کو پاکستان شاہینز کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔
یہ فیصلہ اول الذکر کرکٹرز کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے 15 رکنی پاکستان سکواڈ میں شامل کیے جانے کے بعد کیا گیا، اے سی سی مینز ٹی 20 ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے لیے پاکستان شاہینز کا تربیتی کیمپ نیشنل بینک سٹیڈیم کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں جاری ہے، تیسرے روز ٹیم کے مزید 6 کھلاڑیوں نے کیمپ میں شمولیت اختیار کر لی۔
ملتان میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل مہران ممتاز ہفتہ کو پاکستان شاہینز کے کیمپ میں شامل ہوئے تھے جبکہ گزشتہ شب میں رپورٹ کرنے والے حسیب اللہ قومی سکواڈ میں نام آجانے کے بعد کیمپ چھوڑ گئے، کیمپ کے آخری روز منگل کو پاکستان شاہینز ٹیم اوول گراؤنڈ میں ٹی 20 پریکٹس میچ کھیلے گی۔
کپتان محمد حارث میڈیا ٹاک کریں گے، سکواڈ اگلے روز اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گا، ایونٹ 18 تا 27 اکتوبر مسقط کے عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا، پاکستان شاہینز کی ٹیم اپنا پہلا میچ 19 اکتوبر کو گزشتہ برس کی فائنلسٹ بھارت اے سے کھیلے گی، 21 اکتوبر کو میزبان عمان اور 23 اکتوبر کو یو اے ای سے گروپ میچز طے ہیں، عبدالصمد، احمد دانیال، یاسرخان اور زمان خان پہلی بار پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے۔
ایونٹ میں 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں افغانستان اے، بنگلا دیش اے، ہانگ کانگ اور سری لنکا اے جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز، بھارت اے، اومان اور یو اے ای شامل ہیں، ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں 25 اکتوبر کو ہونے والے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، فائنل 27 اکتوبر کو طے ہے۔