وزیراعظم سے کرغز کابینہ کے چیئرمین کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر اظہار اطمینان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے کرغزستان کی کابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف نے ملاقات کی ہے۔
ایس سی او کی سائیڈ لائن پر ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں جمہوریہ کرغزستان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، اس سلسلے میں وزیراعظم تجارت، سرمایہ کاری، عوامی و علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت بھی پر زور دیا۔
اکیل بیک جاپاروف نے پاکستان کی طرف سے ایس سی او اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی اور دورے پر آئے ہوئے وفود کے پرتپاک استقبال، بہترین انتظامات اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کرغزستان کی پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔