مشرق وسطیٰ کے حالات ابتر،غزہ میں فوری جنگ بندی کویقینی بنانا ہوگا،اسحاق ڈار
ریاض :( دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کویقینی بنانا ہوگا۔
سعودی عرب کے شہر ریاض میں دوسرے عرب اسلام سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے حالات ابتر ہوچکے ہیں، اسرائیل عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کر رہا ہے، اسرائیلی فورسز غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کرچکا ہے، فلسطین کازکے لیےعرب لیگ اور او آئی سی کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، فلسطینیوں کے حقوق کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا، غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنانا ہوگا۔
نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کوجنگی جرائم پرجواب دہ ٹھہرایا جائے، پاکستان نےہمیشہ فلسطین کازکی حمایت کی ہے، غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہیں، فلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان نے فلسطینی بھائیوں کے لیے امدادی سامان پرمشتمل12کھیپ بھیجیں۔