شمالی وزیرستان میں دو مختلف جھڑپوں میں مزید 4خوارج مارے گئے

راولپنڈی:(دنیا نیوز) شمالی وزیرستان کے ضلع میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف جھڑپوں میں مزید چار خوارج کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا جس کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو خوارج ہلاک ہو گئے۔

ایک اور واقعے میں پاکستان-افغانستان سرحد سے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے اسپن وام کے علاقے میں مانیٹر کیا، جہاں دہشتگرد پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، فائرنگ کے نتیجے میں دو خوارج ہلاک اور دو زخمی ہو گئے،علاقے میں کسی بھی باقی خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں