قدرتی آفات سے رواں سال 310 ارب ڈالر کے نقصانات ہوئے: رپورٹ

زیورخ: (ویب ڈیسک) سوئس ادارے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ قدرتی آفات سے رواں سال 310 ارب ڈالر کے نقصانات ہوئے ہیں۔

زیورخ میں قائم سوئزرلینڈ کی ری انشورنس کمپنی کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق 2024ء میں ہونے والے قدرتی آفات سے ہونے والے معاشی نقصانات کے تخمینے 2023 کے مقابلے میں چھ فیصد زیادہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بیمہ شدہ نقصانات سالانہ بنیاد پر 17 فیصد بڑھ کر 135 بلین ڈالر تک پہنچ گئے جس میں بڑا کردار امریکا میں آنے والے تباہ کن سمندری طوفان ہیلین اور ملٹن اور یورپ میں آنے والے شدید سیلاب سے ہونے والی تباہی کا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ سال کے دوران بیمہ شدہ نقصانات 100 بلین ڈالر سے زیادہ رہے ہیں، سوئس ری جو انشورنس کمپنیوں کے بیمہ کنندہ کے طور پر کام کرتا ہے نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال کو زمین کی ریکارڈ شدہ تاریخ میں گرم ترین سال قرار دیا جائے گا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سوئس ری نے خاص طور پر 2024ء میں سیلاب کی انشورنس لاگت میں اضافے پر روشنی ڈالی، جو کہ دنیا بھر میں نقصانات کے حوالے سے تیسرا مہنگا سال اور یورپ میں دوسرا مہنگا ترین سال تھا۔

سوئس ری کے مطابق صرف یورپ میں شدید سیلاب سے اس سال تقریباً 10 بلین ڈالر کے بیمہ شدہ نقصانات ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں