سپیکر قومی اسمبلی کا آذربائیجان کے سفارتخانے کا دورہ، طیارہ حادثے پر اظہار افسوس

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آذربائیجان کےسفارتخانے کا دورہ کیا اور مسافر طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارت خانے پہنچے جہاں آذربائیجان کے سفیر نے ان کا خیر مقدم کیا، سپیکر سردار ایاز صادق نے مسافر طیارے کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

سردار ایاز صادق نے طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور غم کی اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان اور عوام آذربائیجان کے پارلیمان اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، آذربائیجان اور پاکستان کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ محبت، اخوت اور بھائی چارے کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں، پاکستان کی عوام آذربائیجان کی عوام کے دکھ اور غم کو اپنا غم سمجھتی ہے، آذربائیجان کے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر پاکستانی قوم افسردہ ہے، طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے حادثے میں جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی، سردار ایاز صادق نے سفارتخانے میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تعزیتی تاثرات قلم بند کیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں