ملک دشمن عناصر پاکستان میں عدم استحکام پھیلانا چاہتے ہیں: گورنر خیبرپختونخوا

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں عدم استحکام پھیلانا چاہتے ہیں۔

نیوزکانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک میں بدامنی کا اثرپاکستان پر بھی ہوتا ہے، افغانستان میں عالمی طاقتوں کا چھوڑا گیا اسلحہ پاکستان میں استعمال ہوتا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کرم میں امن معاہدہ خوش آئند ہے، کرم میں کیے گئے معاہدے پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، کرم کے لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں، صوبائی حکومت سنجیدہ ہوتی تو اتنے دھرنے نہ ہوتے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبہ میں بلدیاتی نمائندوں پر تشدد قابل افسوس ہے، بلدیاتی نمائندوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں جلد بلدیاتی نمائندوں کا کنونشن منعقد ہوگا، بلدیاتی نمائندے سوال کر رہے ہیں کہ ڈنڈے کیوں برسائے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کرم کے شہدا کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے کا اعلان کرے، کرم کے متاثرین کی صوبائی حکومت مدد کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں