صاحب اختیار کی پالیسی بانی پی آئی کو مائنس کرنا ہے: سہیل آفریدی
راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ صاحب اختیار کی پالیسی بانی پی آئی کو مائنس کرنا ہے، یہ ہمیشہ سے ایک ہی نسخہ آزماتے رہے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر داہگل ناکے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ اب ان کا ایسی قوم سے واسطہ پڑا عوام بانی پی ٹی آئی سے عشق کرتے ہیں، ہمارے کارکن ڈرنے اور جھکنے والے نہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمارے دروازے بات چیت کے لیے کھلے ہیں، یہ کسی کے باپ کا پاکستان نہیں ہے، ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی ہے، ہم آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک پر قابض کرپٹ ٹولے نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا: سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم روڈ پر جب مرضی بیٹھیں یہ کون ہوتے ہیں کہنے والے کب تک بیٹھنا ہے، بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات اور احتجاج کا حق محمود خان اچکزئی کو دیا ہے، محمود اچکزئی کو ان کے ہر فیصلے پرعملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید ایک ادارے کا ملازم تھا ان کو سزا ادارے کا اندرونی معاملہ ہے، شہباز شریف کہتا تھا اسے 30 فیصد بھی سپورٹ ملے تو پاکستان کو یورپ بنا دوں گا، وہ تو ان کے لیے پریس کانفرنس بھی کرتے ہیں۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک معاشی طور پر تباہ ہو چکا ہے، حکومت 5300 ارب کی چوری کا حساب دے، ملک کا یہ حال ہے فیکٹریاں بند، نوجوان بیرون ملک بھاگ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی ہے، پاکستان کے مفاد میں جو ہوگا ہم وہی کریں گے۔