دبئی: شیخ زاید روڈ کے آسمان پر ہولوگرام طیارے کا حیران کن مظاہرہ
دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں بزنس بے اور ڈاؤن ٹاؤن کے اطراف آسمان پر ایک منفرد ہولوگرام مظاہرے نے شہریوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی، جہاں لیزر ٹیکنالوجی کے ذریعے فضا میں ایک دیوقامت طیارے کا منظر پیش کیا گیا جو بغیر کسی اسکرین کے آسمان میں تیرتا محسوس ہو رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس تجرباتی مظاہرے کو دبئی میڈیا سٹی اور ایک بڑے فضائی ادارے کی اشتہاری ٹیکنالوجی کے تجربے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کا مقصد مستقبل میں آسمانی سطح پر جدید اور ماحول دوست اشتہاری طریقے متعارف کروانا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تقریباً تین سو فٹ اونچا منظر لیزر اور جدید روشنی ٹیکنالوجی کے امتزاج سے تیار کیا گیا جس نے شہر کے رات کے منظر کو ایک منفرد تجربہ بنا دیا اور سوشل میڈیا پر بھی اس کے ویڈیوز تیزی سے گردش کرنے لگے۔
ماہرین کے مطابق اگر اس ٹیکنالوجی کو مستقل بنیادوں پر متعارف کرایا گیا تو یہ مستقبل میں بڑے شہروں میں ڈیجیٹل اشتہارات اور عوامی تقریبات کے انداز کو تبدیل کر سکتی ہے، جبکہ دبئی ایک بار پھر جدید شہری تجربات کے میدان میں سبقت لیتا دکھائی دے رہا ہے۔