دھی رانی پروگرام: پاکپتن میں 100 جوڑوں کی اجتماعی شادی

پاکپتن: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ”دھی رانی پروگرام“ مستحق بیٹیوں کے لیے ریاستی فلاحی اقدام کی روشن مثال قرار۔

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت 100 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب ہوئی، پنجاب کی بیٹیوں پر دستِ شفقت، خوشیاں اور خوشحالی ہر گھر تک ویژن پر عملی پیش رفت ہے۔

دھی رانی پروگرام کو پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماعی شادی منصوبہ قرار دیا گیا، ہر دلہن کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے دو لاکھ روپے سلامی، عروسی ملبوسات بھی فراہم کئے گئے۔

نو بیاہتا جوڑوں کا ڈھول کی تھاپ پر پرتپاک استقبال، مہمانوں کے لیے پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا، ڈی جی سوشل ویلفیئر، ڈپٹی کمشنر آصف رضا، ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب فلاحی ریاست کے تصور کو عملی جامہ پہنا رہی ہے، دھی رانی پروگرام مستحق خاندانوں کے وقار اور اعتماد کی بحالی کا ذریعہ بن رہا ہے۔

نو بیاہتا جوڑوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے دلی اظہارِ تشکر کرتے ہوئے خوشحال زندگی کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں