دوستانہ، تاریخی تعلقات کا اعادہ، وزیراعظم کے دورہ آسٹریا کا مشترکہ اعلامیہ جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) دوستانہ اور تاریخی تعلقات کا اعادہ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ آسٹریا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جمہوریہ آسٹریا کی حکومت کی نمائندگی کرسٹین سٹاکر چانسلر جمہوریہ آسٹریا نے کی، پاکستان کی نمائندگی وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے کی۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق جمہوریہ آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسٹین سٹاکر نے 16 فروری کو وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کا سرکاری دورے پر استقبال کیا، دورہ آسٹریا اور پاکستان کے درمیان 1956 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا، فریقین نے اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق فریقین نے عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا، فریقین نے امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے فروغ کے چیلنجز سے نمٹنے میں اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے کثیرالجہتی نظام اور قواعد پر مبنی عالمی نظام کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا، ایسا نظام جو اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد پر مبنی ہے، فریقین نے اقوامِ متحدہ کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت و سرمایہ کاری، سیاحت، مہمان نوازی، تعلیم، آئی ٹی، صحت، انسانی وسائل کی ترقی اور افرادی قوت کی نقل و حرکت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کو سراہا، اس سلسلے میں انہوں نے زیرِ غور مختلف مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، آسٹریا کے وفاقی چانسلر اور پاکستانی وزیرِ اعظم نے آسٹریا اور پاکستان کی معروف کمپنیوں کے ایک مشترکہ فورم کی بھی مشترکہ صدارت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اتفاق کیا گیا کہ موجودہ اور مستقبل کے مکینزمز کے تحت دوطرفہ تبادلوں اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، اتفاق رائے کیا گیا کہ قائم شدہ مکالماتی ڈھانچوں پر تعمیر کیا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم نے آسٹریا کی کاروباری برادری اور کمپنیوں کو اپریل میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم میں شرکت کی دعوت دی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفاقی چانسلر کرسٹین سٹاکر کو مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔