وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لئے نیا طیارہ خرید لیا گیا
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لئے نیا طیارہ خرید لیا گیا۔
طیارہ ابھی پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں، طیارے کی خریداری پر سوشل میڈیا پر صارفین نے شدید تنقید کی، صارفین کا کہنا ہے کہ عوام کے پیسے عوام پر لگائے جائیں، قومی خزانے سے لگژری طیارہ خریدنا زیب نہیں دیتا۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ ایئر پنجاب کیلئے فلیٹ بنایا جارہا ہے، یہ جہاز اسی سلسلے کی کڑی ہے ، جیسے ہی معاملات حتمی شکل اختیار کریں گے لوگوں کو بتادیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گلف سٹریم جی 500 ماڈل کے طیارے کی مالیت تقریباً 10 ارب روپے ہے، طیارے کا رجسٹریشن نمبر این 144 ایس بتایا جا رہا ہے، فی الوقت یہ طیارہ امریکی رجسٹریشن پر ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب ایئرلائن کی پہلی پرواز اپریل سے شروع کرنے کی تیاری ہے، ابتدائی مرحلے میں سات جہاز حاصل کئے جا رہے ہیں۔