انتشار پھیلانے والوں کو حکومت اب برداشت نہیں کرے گی: عابد شیر علی

فیصل آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سینٹر عابد شیر علی نے کہا کہ جو ملک میں انتشار کا ایجنڈا رکھتے ہیں ان کے لئے واضح میسج ہے حکومت اب ان کو برداشت نہیں کرے گی۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ جو ایران کا معاملہ چل رہا ہے اس پر پاکستان کے کردار کو دنیا سراہ رہی ہے، فیلڈ مارشل اور وفاقی حکومت کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے۔

عابد شیر علی نے کہا کہ آج پاکستان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، کسی دور میں پاکستان کو دہشت گردی کا ملک کہا جاتا تھا، آج ہمیں ثالثی کا کہا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، بھارتی ایجنٹ ہے عارف ایجاکیا جس کے ساتھ بانی کے بیٹوں نے ملاقات کی، زلفی بخاری کے ذریعے یہ ملاقات کی گئی، عارف ایجاکیا پاکستان کے خلاف لابنگ کرتا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کو سری لنکا کہہ رہے تھے۔

عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستان مکہ مدینہ کا محافظ ہے اور یہ کس منہ سے بات کرتے ہیں، ان کے یوٹیوبرز پاکستان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں، سیاسی دشمن کا مقابلہ سیاست سے کریں گے لیکن ریاستی دشمنوں کا مقابلہ دوسرے طریقے سے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان مستحکم منزل کی جانب گامزن ہے، اس میں آج کی سیاسی اور عسکری قیادت کا کردار ہے، یہ وزیر رہ چکے ہیں اور مسلح افواج کے خلاف بک بک کر رہے ہیں، اب پانی پلوں سے گزر چکا ہے، اب ان کے خلاف کارروائیاں سخت ہونی چاہئیں۔

عابد شیر علی نے کہا کہ جو لوگ امیدیں لگائے بیٹھے تھے ان کو سب پتہ ہے یہ ایکسپوز ہوچکے ہیں، کے پی کے کو اربوں روپے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دیا گیا، وزیر اعلیٰ کے پی کی زبانی بہت لمبی ہے اس طرح کے لوگوں کو ہینڈل کرنا آتا ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ان کی لیڈر شپ ، کارکن سب اینٹی سٹیٹ بیانیہ کو اچھا سمجھتے ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی اگر کوئی احتجاج کا پلان بنائیں گے تو اس کا اچھا لائحہ عمل بنائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں