ایران امریکا جنگ بندی: سٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی، سابقہ تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے
کراچی: (دنیا نیوز) ایران امریکا جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا اختتام تاریخی سطح پر ہوا، کے ایس ای 100انڈیکس نے تین نئے ریکارڈز بناڈالے۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر ہی سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، ہنڈرڈ انڈیکس 12 ہزار سے زائد پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 64 ہزار 594 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، تاہم بڑی تیزی کے بعد ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کیلئے روک دیا گیا ہے۔
کاروبار بحال ہونے پر بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا جس کے باعث کاروباری روز کے اختتام پر پہلی بار ہنڈرڈ انڈیکس 14 ہزار 137 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 811 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
100 انڈیکس ٹریڈنگ کا آغاز پہلی بار 12 ہزار 9 سو 20 پوائنٹس کی ریکارڈ حد سے ہوا، سرمایہ کاروں نے ایک ہی روز میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد منافع کمالیا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں انڈیکس کی یومیہ بلند سطح 1 لاکھ 65 ہزار 924 اور یومیہ کم ترین سطح 1لاکھ 62 ہزار 956رہی، 54 ارب روپے مالیت کے 12 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا جبکہ سٹاک مارکیٹ کیپٹلائزیشن 1 ہزار 467 ارب روپے بڑھ کر 18 ہزار 322 ارب روپے پر پہنچ گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 465 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 51 ہزار 673 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جاپان کے نکی انڈیکس میں 5 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہانگ کانگ کے ہانگ سینگ انڈیکس میں بھی 3 فیصد بہتری دیکھنے میں آئی ہے، چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 2 فیصد کی تیزی ریکارڈ کی گئی، اسی طرح فلپائن کی سٹاک مارکیٹ میں بھی 2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
خبر ایجنسی کے مبطابق تھائی لینڈ کے سیٹ انڈیکس میں بھی ڈیڑھ فیصد سے زائد بہتری دیکھی گئی جبکہ ملائیشیا کے فٹسی برسا انڈیکس میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔