سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت رجحان رہا
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا مثبت رجحان رہا جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس میں تیزی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی، 2000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 67 ہزار 844 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1673 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 67 ہزار 191 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں مجموعی طور پر 37 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت تقریباً 22 ارب روپے رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 293 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 517 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ کی سنبھلتی صورتحال کے باعث ایشیائی مارکیٹوں میں بھی تیزی آئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جاپان کے نکی انڈیکس میں 2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تھائی لینڈ کے سیٹ انڈیکس میں بھی ایک فیصد کی تیزی دیکھنے میں آئی، جبکہ چین اور ہانگ کانگ کی سٹاک مارکیٹ میں بھی ایک فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔