ایران میں جاسوسی کے الزام میں 2 غیر ملکیوں سمیت مزید 4 افراد گرفتار
تہران: (دنیا نیوز) ایران میں جاسوسی کے الزام میں 2 غیر ملکیوں سمیت مزید 4 افراد گرفتار کر لئے گئے۔
ملزمان کو شمال مغرب کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، ملزمان پر امریکا اور اسرائیل سے منسلک جاسوسی نیٹ ورک کا حصہ ہونے کا الزام ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران سکیورٹی اہلکاروں نے مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر کافی عرصے تک نظر رکھی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان جدید مواصلاتی آلات استعمال کرتے ہوئے اہم تنصیبات اور سکیورٹی سے متعلق معلومات بیرونِ ملک منتقل کرنے میں ملوث تھے۔
ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار افراد کا تعلق ایک منظم نیٹ ورک سے ہے جو ملک کے مختلف حصوں میں سرگرم تھا، حکام کے مطابق اس نیٹ ورک کا مقصد ایران کے حساس مقامات اور دفاعی تنصیبات سے متعلق معلومات حاصل کرنا تھا، جسے بعد ازاں غیر ملکی ایجنسیوں تک پہنچایا جاتا تھا۔
سکیورٹی اداروں نے گرفتار ملزمان سے تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آسکتی ہیں، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ملک کی قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور کسی بھی قسم کی جاسوسی سرگرمی کو سختی سے کچلا جائے گا۔
دوسری جانب اس واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے خصوصاً ایسے وقت میں جب ایران اور مغربی ممالک کے درمیان تعلقات پہلے ہی تناؤ کا شکار ہیں، تجزیہ کاروں کے مطابق اس قسم کے واقعات خطے کی سکیورٹی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔