ترکیہ نے اپنا پہلا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ’یلدریم حان‘ متعارف کروادیا
استنبول: (دنیا نیوز) ترکیہ نے استنبول میں جاری SAHA 2026 دفاعی نمائش میں اپنا پہلا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ’یلدریم حان‘ متعارف کروادیا۔
ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ کی وزارت دفاع کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر کی جانب سے تیار کردہ یہ میزائل آواز کی رفتار سے 25 گنا زیادہ (Mach 25) تک رفتار حاصل کرنے اور تقریباً 6 ہزار کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یلدریم حان میں مائع نائٹروجن ٹیٹرا آکسائیڈ کو بطور ایندھن استعمال کیا جاتا ہے اور یہ چار راکٹ انجنز سے لیس ہے۔ اس وجہ سے اسے ترکیے کے جدید ترین میزائل پلیٹ فارمز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
یہ میزائل استنبول میں منعقد ہونے والی SAHA 2026 انٹرنیشنل ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس نمائش میں پیش کیا گیا جہاں ترکیے کی بڑی دفاعی کمپنیاں اور سرکاری ادارے مختلف شعبوں میں نئی ٹیکنالوجیز پیش کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یلدریم حان کی رونمائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ترکیے اپنی دفاعی صنعت کو وسعت دینے کے لیے میزائل سسٹمز، ڈرونز، فضائی دفاع، ہوابازی اور خلائی ٹیکنالوجی میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔