غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، شہداء اور زخمیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ
غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں اور بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق مسلسل حملوں کے نتیجے میں اسپتالوں اور امدادی نظام پر شدید دباؤ بڑھ گیا ہے جبکہ طبی سہولیات پہلے ہی محدود وسائل کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسپتالوں میں ایک فلسطینی شہید اور 16 زخمیوں کو منتقل کیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ نام نہاد جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے مکمل طور پر نہیں رکے اور مختلف علاقوں میں کارروائیاں تقریباً روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔
غزہ وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد اسرائیلی حملوں میں مزید 881 فلسطینی شہید جبکہ 2 ہزار 621 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 72 ہزار 773 تک پہنچ چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 72 ہزار 723 ہو گئی ہے۔
فلسطینی حکام نے اسرائیلی کارروائیوں کو منظم نسل کشی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔