آبنائے ہرمز کا تحفظ ایران کی قومی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے: قالیباف کا دوٹوک مؤقف

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق انتظامات برقرار رکھنا ایران کی قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے جبکہ تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت بھی ملک کے اسٹریٹجک مفادات کا اہم حصہ ہے۔

ایرانی اسپیکر نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ امریکا ایران کا نظام تبدیل کرنے اور ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ایران کسی بھی بیرونی دباؤ کے سامنے جھکنے والا نہیں۔

محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا، لیکن اگر کسی قسم کی جارحیت مسلط کی گئی تو اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی مسلح افواج کو کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل آزادی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے جنگ کے ساتھ سفارت کاری اور مذاکرات کا عمل بھی جاری رہے گا، کیونکہ صرف جنگ یا صرف مذاکرات پر انحصار کرنا ایک اسٹریٹجک غلطی ہوگی۔

قالیباف نے مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے کہا کہ اگر اس پر عمل درآمد نہ ہو تو اس کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی، اور اگر معاہدے سے ایران کو کوئی فائدہ نہ پہنچے تو اس کی پابندی جاری رکھنے کی بھی کوئی وجہ نہیں۔

ایرانی اسپیکر نے مزید کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز میں ایران کے اثر و رسوخ کو کمزور کرنا چاہتا ہے، تاہم ایران اپنی قومی سلامتی اور اسٹریٹجک مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دشمن کے دباؤ کے باوجود ملک پر کوئی فیصلہ مسلط نہیں ہونے دیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...