یورپ جارحیت کی پیروی کی بجائے سفارتکاری میں قائدانہ کردار ادا کرے، کاظم غریب آبادی

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ یورپ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ جارح قوتوں کی پیروی کرنے کی بجائے سفارت کاری کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کرے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ انہوں نے تہران میں تعینات 25 یورپی ممالک کے سفیروں اور ناظم الامور سے ملاقات کے دوران جنگ کے حوالے سے ایران کا مؤقف تفصیل سے پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے انہیں یاد دلایا کہ 40 روزہ جنگ میں ہم نے جارح قوتوں کو سخت شکست دی تھی، موجودہ فوجی جارحیت کے نئے مرحلے میں بھی ہم اپنے وطن اور قومی مفادات کا بھرپور اور مضبوطی سے دفاع کریں گے۔

کاظم غریب آبادی کے مطابق انہوں نے یورپی سفارت کاروں پر زور دیا کہ یورپ کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور ہر قسم کی جارحیت کی مذمت کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپین سمیت بعض یورپی ممالک نے اصولی مؤقف اختیار کیا تاہم جن یورپی ممالک نے امریکا کو اپنی سرزمین استعمال کرتے ہوئے ایران پر حملے کرنے کی اجازت دی، وہ بھی جارح ممالک میں شامل ہیں۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکا کو ایران کے خلاف جنگ سے کوئی اسٹریٹجک کامیابی حاصل نہیں ہوئی بلکہ اس کے اقدامات نے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...