اٹک کے 110 سکولوں کی آئی ٹی لیبز اپ گریڈ کی جائیں گی: رانا سکندر حیات
اٹک: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اٹک کا دورہ کیا، مقامی شادی ہال میں طلبہ و طالبات میں اسناد اور لیپ ٹاپس تقسیم کیے اور تقریب سے خطاب کیا۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ اٹک کے 110 سکولوں کی آئی ٹی لیبز 30 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کی جائیں گی، طلبہ و طالبات کو مصنوعی ذہانت، فری لانسنگ، ڈیٹا اینالیسز اور روبوٹکس کی تعلیم دی جائے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تعلیمی میدان میں انقلاب کے لیے کوشاں ہیں، پنجاب میں غریب بچوں کو بھی اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لرن اینڈ ارن پروگرام کے ذریعے اٹک کے طلبہ کو جدید تعلیم اور ہنر فراہم کیا جا رہا ہے، اٹک کی بیٹیاں تعلیم کے میدان میں لڑکوں سے آگے ہیں۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم کے لیے 750 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، اٹک کے کالجز کی آئی ٹی لیبز بھی اپ گریڈ کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق ماضی میں 270 طلبہ ایک کمپیوٹر استعمال کرتے تھے، اب 10 طلبہ کے لیے ایک کمپیوٹر کی سہولت ہے، اٹک کے سکولوں میں سولر پینلز اور بارش کا پانی محفوظ بنانے کے نظام نصب کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 50 ہزار سے زائد طالبات میٹرک میں آئی ٹی کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں، ہونہار سکالرشپ پروگرام سے ایک لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات مستفید ہو چکے ہیں۔
رانا سکندر حیات نے اٹک کے 10 بہترین اساتذہ کو عمرہ پر بھجوانے کا اعلان کیا، جبکہ اٹک کے طلبہ و طالبات کے لیے اساتذہ کے ہمراہ ترکی کے مطالعاتی دورے کا بھی اعلان کیا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ خواہش ہے کہ مستقبل میں پنجاب کی وزیر تعلیم خواتین میں سے اور اٹک سے ہو، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے محکمہ تعلیم میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ ضلع اٹک کے گرلز کالجز کے لیے پانچ پنک بسز فراہم کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments