دبئی میں عالمی پولیس سربراہی اجلاس 2026 کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں عالمی پولیس سربراہی اجلاس 2026ء کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں، دبئی پولیس کی میزبانی میں ورلڈ پولیس سمٹ کا پانچواں ایڈیشن 16 سے 18 نومبر تک دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہوگا، جس میں 90 سے زائد ممالک کے نمائندوں اور پولیس، سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں کے 220 سے زائد عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔
تین روزہ اجلاس متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی سرپرستی میں دبئی پولیس اور ڈی ایکس بی لائیو کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، اس سال کانفرنس کا مرکزی موضوع عالمی پولیس اداروں کے درمیان مؤثر روابط قائم کرکے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ مستقبل کی تشکیل ہے۔
اجلاس میں وزرائے داخلہ، پولیس سربراہان، بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے، سکیورٹی ماہرین، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور تعلیمی اداروں سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔
کانفرنس کے دوران 15 اہم موضوعاتی شعبوں کے تحت جدید پولیسنگ، مصنوعی ذہانت، سائبر کرائم، منی لانڈرنگ، منظم جرائم، منشیات کی اسمگلنگ اور سرحد پار جرائم سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
عالمی اجلاس کے ساتھ بین الاقوامی نمائش بھی منعقد ہوگی، جس میں 150 سے زائد نمائش کنندگان جدید سکیورٹی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام، نگرانی کے آلات، ڈیجیٹل تحقیقات اور جرائم کی روک تھام کے جدید حل پیش کریں گے۔
اس سال پہلی مرتبہ بین الاقوامی تنظیموں کے لیے خصوصی پویلین بھی قائم کیا جا رہا ہے، جس میں خلیجی پولیس تعاون کی تنظیم، آسیان پولیس، اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم سمیت دیگر علاقائی اور عالمی ادارے شریک ہوں گے، اس اقدام کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان معلومات، تجربات اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
دبئی پولیس کے حکام کے مطابق سائبر جرائم، مالیاتی فراڈ، منظم جرائم اور بین الاقوامی سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے مختلف ممالک کی پولیس، حکومتوں اور نجی شعبے کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔ کانفرنس میں انٹرپول، آسٹریلین فیڈرل پولیس اور دیگر عالمی اداروں کے اعلیٰ نمائندوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔
پولیسنگ کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد اور اداروں کو 13 مختلف کیٹیگریز میں ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز سے نوازا جائے گا، جن کی تقریب 18 نومبر کو اجلاس کے آخری روز منعقد ہوگی۔
منتظمین کے مطابق گزشتہ سال عالمی پولیس سربراہی اجلاس میں 110 سے زائد ممالک کے 922 سے زیادہ عالمی رہنماؤں، حکام اور ماہرین نے شرکت کی تھی۔ رواں سال بھی دبئی میں ہونے والا یہ عالمی اجتماع بین الاقوامی پولیس تعاون، جدید ٹیکنالوجی اور عوامی تحفظ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments