شارجہ میں ننھے سائنس دانوں کا روبوٹک گاڑیاں اور دلچسپ مشینیں تیار کرنے کا عملی مظاہرہ

شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں جاری شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے کے 45ویں ایڈیشن میں بچوں اور نوجوانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی، پروگرامنگ، انجینئرنگ اور تخلیقی فنون کی دلچسپ ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا، جہاں کم عمر شرکا نے پروگرامنگ کے ذریعے چھوٹی گاڑیاں چلانے، قدموں کی تعداد گننے والی گھڑیاں بنانے اور مختلف مشینوں کے ماڈلز تیار کرنے کا عملی تجربہ حاصل کیا۔

شارجہ بک اتھارٹی کے مطابق میلے کے ڈسکوری زون میں منعقدہ ’’پروگرامنگ کار‘‘ ورکشاپ میں 11 سے 17 سال کی عمر کے بچوں اور نوجوانوں نے کمپیوٹر پروگرامنگ کے بنیادی اصول سیکھے۔

شرکا نے ایک چھوٹی پروگرام ایبل گاڑی کو مختلف ہدایات دے کر حرکت کروائی اور یہ جانا کہ کمپیوٹر پروگرامنگ اور الگورتھم کے ذریعے مشینوں سے مخصوص کام کیسے لیے جاتے ہیں۔

میلے کے فٹنس اور جسمانی صحت کے خصوصی زون میں 8 سے 10 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ’’اپنی صحت کی گھڑی خود بنائیں‘‘ کے عنوان سے ورکشاپ منعقد ہوئی، جس میں بچوں نے پہننے کے قابل ایسی گھڑیاں ڈیزائن کیں جو چلنے پھرنے کے دوران قدموں کی تعداد گننے میں مدد دیتی ہیں، اس سرگرمی کے ذریعے بچوں کو عملی ڈیزائننگ کے ساتھ جسمانی سرگرمیوں اور صحت مند طرزِ زندگی کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ایک اور دلچسپ ورکشاپ میں بچوں نے کھلونے اور انعامات اٹھانے والی مشین، جسے ’’کلا مشین‘‘ کہا جاتا ہے، کا ماڈل تیار کیا۔ شرکا نے مشین کے مختلف حصوں کو جوڑنے کے بعد چھوٹی اشیا کو پکڑنے اور اٹھانے کے تجربات کیے، جس سے انہیں مشینوں کے کام کرنے کے طریقے، انجینئرنگ اور عملی مسائل حل کرنے کی مہارتوں سے واقفیت حاصل ہوئی۔

اسی طرح آرٹس اینڈ ایکسپریشن زون میں منعقدہ ’’دھاگوں سے اظہار‘‘ ورکشاپ میں 8 سے 10 سال کے بچوں نے رنگ برنگے دھاگوں، کپڑے اور کڑھائی کے خصوصی آلات کی مدد سے اپنے جذبات کو تخلیقی فن پاروں میں تبدیل کیا۔

بچوں نے پریشانی، بے چینی اور دیگر احساسات کی عکاسی کرنے کے لیے بادلوں، لہروں اور مختلف اشکال کے ڈیزائن تیار کیے اور اپنے بنائے ہوئے فن پارے یادگار کے طور پر ساتھ لے گئے۔

منتظمین کے مطابق ان ورکشاپس کا بنیادی مقصد بچوں کو صرف کتابی معلومات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی تجربات کے ذریعے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، فنون اور جسمانی صحت سے متعلق مہارتیں سکھانا ہے۔

شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے میں بچوں اور نوجوانوں کیلئے جاری ان سرگرمیوں سے شرکا کو نئی ٹیکنالوجی سمجھنے، تخلیقی سوچ اپنانے اور اپنی صلاحیتوں کو عملی شکل دینے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...