ہالی وڈ سٹار میٹ ڈیمن اقوام متحدہ کی عالمی آبی کانفرنس میں شرکت کریں گے

ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں دسمبر میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی عالمی آبی کانفرنس میں ہالی ووڈ اداکار میٹ ڈیمن اور عالمی فلاحی تنظیم واٹر ڈاٹ آرگ کے شریک بانی گیری وائٹ شرکت کریں گے۔

کانفرنس کے دوران دنیا بھر میں صاف پانی اور نکاسی آب کی سہولتوں تک رسائی بڑھانے کے لیے نئے اقدامات اور بین الاقوامی شراکت داریوں کا اعلان کیا جائے گا۔

واٹر ڈاٹ آرگ کی جانب سے 11 نومبر کو جاری میڈیا الرٹ کے مطابق عالمی آبی کانفرنس 7 سے 10 دسمبر 2026ء تک ابوظہبی میں منعقد ہوگی، جس کی مشترکہ میزبانی متحدہ عرب امارات اور سینیگال کریں گے۔

گزشتہ 50 برسوں میں یہ اقوام متحدہ کی تیسری عالمی آبی کانفرنس ہوگی، جس میں مختلف ممالک کے حکومتی سربراہان، عالمی تنظیموں، مالیاتی اداروں، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندے شرکت کریں گے۔

کانفرنس کے دوران 8 دسمبر کو میٹ ڈیمن اور گیری وائٹ خصوصی مکالمے میں حصہ لیں گے جبکہ اسی روز مرکزی اسٹیج پر اہم اعلانات بھی کیے جائیں گے، دونوں شخصیات کانفرنس کے بلیو زون میں پانی کے منصوبوں کے لیے جدید مالیاتی وسائل کی فراہمی سے متعلق خصوصی نشست میں بھی شریک ہوں گی۔

عالمی اجتماع کا بنیادی مقصد اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے چھٹے ہدف کے تحت دنیا بھر میں صاف پانی اور محفوظ نکاسی آب کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوششوں کو تیز کرنا ہے۔

کانفرنس میں پانی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری، جدید مالیاتی نظام، بین الاقوامی تعاون اور ترقی پذیر ممالک میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ میں توانائی اور پائیداری کے امور کے معاون وزیر اور کانفرنس کے اماراتی سربراہ عبداللہ بلعلاء نے کہا ہے کہ پانی صرف انسان کی بنیادی ضرورت نہیں بلکہ تعلیم، روزگار، معاشی ترقی اور بہتر مستقبل کی بنیاد بھی ہے۔

پانی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو عالمی ترجیح بنانا ضروری ہے تاکہ حکومتیں، مالیاتی ادارے اور نجی شعبہ مل کر پائیدار حل فراہم کرسکیں۔ میٹ ڈیمن اور گیری وائٹ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ صاف پانی سے محروم خاندان اپنی روزمرہ ضروریات پوری کرنے کے لیے پہلے ہی اربوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں، تاہم اصل چیلنج مالی وسائل کی کمی کے بجائے انہیں مؤثر اور پائیدار منصوبوں کی جانب منتقل کرنا ہے۔ دونوں شخصیات نے عالمی آبی کانفرنس کی میزبانی پر متحدہ عرب امارات اور سینیگال کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واٹر ڈاٹ آرگ کے مطابق تنظیم ابوظہبی فنانس ویک میں بھی شرکت کرے گی، جہاں عالمی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ پانی اور نکاسی آب کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر بات چیت ہوگی۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ اس کے اقدامات کے ذریعے اب تک 8 ارب 60 کروڑ ڈالر سے زائد کے مالی وسائل متحرک کیے جا چکے ہیں جبکہ 9 کروڑ 50 لاکھ سے زائد افراد کو صاف پانی یا نکاسی آب کی سہولتوں تک رسائی میں مدد فراہم کی گئی ہے۔

منتظمین کے مطابق کانفرنس کے دوران نئی شراکت داریوں، مالیاتی اقدامات اور دیگر اعلانات کی مزید تفصیلات آئندہ ہفتوں میں جاری کی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...