وائلڈ بیریز کی بانی تاتیانا کم نے سی ای او کا عہدہ چھوڑ دیا، الیکسی کولیکوف نئے سربراہ مقرر

ماسکو: (شاہد گھمن) روس کی بڑی آن لائن شاپنگ کمپنیوں میں شامل وائلڈ بیریز کی بانی تاتیانا کم نے کمپنی کے قانونی ادارے وائلڈ بیریز ایل ایل سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

روسی سرکاری کاروباری رجسٹر کے مطابق الیکسی کولیکوف نے 19 نومبر سے یہ ذمہ داری سنبھال لی ہے، تاہم کمپنی کی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس تبدیلی سے کاروباری سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی۔

روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس کی 21 نومبر کی رپورٹ کے مطابق روس کے سرکاری رجسٹر برائے قانونی ادارہ جات میں درج معلومات سے الیکسی کولیکوف کی بطور نئے چیف ایگزیکٹو تقرری کی تصدیق ہوئی ہے۔

وہ اس سے قبل بھی وائلڈ بیریز اور آر ڈبلیو بی گروپ کے تحت کام کرنے والی متعدد کمپنیوں کی سربراہی کررہے ہیں، جن میں وی بی انجینئرنگ اور اے پی آر سٹی شامل ہیں۔

وائلڈ بیریز اور روس گروپ کے انضمام سے قائم ہونے والے آر ڈبلیو بی (RWB) گروپ کی پریس سروس نے بتایا کہ وائلڈ بیریز ایل ایل سی 2024 سے گروپ کا حصہ ہے اور کمپنی کی تمام عملی کاروباری سرگرمیاں پہلے ہی گروپ کی مرکزی کمپنی کو منتقل کی جاچکی ہیں۔

کمپنی کے مطابق کاروباری نظام میں توسیع، نئی کمپنیوں کے حصول اور مختلف اثاثوں کی ملکیت کے انتظامات کے باعث انتظامی ذمہ داریوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔

آر ڈبلیو بی گروپ نے واضح کیا ہے کہ تاتیانا کم بدستور گروپ کی اسٹریٹجک ترقی کی قیادت کررہی ہیں۔ اس طرح انہوں نے صرف وائلڈ بیریز کے ایک قانونی ادارے کے چیف ایگزیکٹو کی ذمہ داری چھوڑی ہے، جبکہ مجموعی کاروباری گروپ کی ترقی اور مستقبل کی حکمت عملی سے ان کا تعلق برقرار ہے۔

رپورٹ کے مطابق وائلڈ بیریز ایل ایل سی اور آر وی بی ایل ایل سی کی ملکیتی ساخت سے متعلق بعض معلومات اب روس کے سرکاری کاروباری رجسٹر میں عوامی طور پر دستیاب نہیں ہیں۔

اس سے قبل 19 نومبر کو رجسٹر میں سامنے آنے والی معلومات کے مطابق دو سرمایہ کاری فنڈز، ٹام اور گالو، نے آر وی بی ایل ایل سی میں مجموعی طور پر 30 فیصد حصص حاصل کیے، ان میں ٹام فنڈ کا حصہ 17.5 فیصد جبکہ گالو فنڈ کا حصہ 12.5 فیصد ہے۔

ان تبدیلیوں کے بعد آر وی بی میں وائلڈ بیریز ایل ایل سی کے حصص 65 فیصد سے کم ہوکر 45 فیصد اور اسٹن ایل ایل سی کے حصص 35 فیصد سے کم ہوکر 25 فیصد رہ گئے ہیں۔

گروپ کی پریس سروس کے مطابق ملکیتی ڈھانچے میں یہ تبدیلیاں روس اور دیگر ممالک میں موجود اثاثوں کو بہتر انداز میں منظم کرنے، انتظامی ذمہ داریوں کی نئی تقسیم اور بانیوں کے کردار کو ازسرنو متعین کرنے کیلئے کی گئی ہیں۔

دوسری جانب 16 نومبر کو یورپی یونین نے تاتیانا کم کو اپنی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا، تاہم کمپنی نے چیف ایگزیکٹو کی تبدیلی کو ان پابندیوں سے منسلک نہیں کیا بلکہ اسے داخلی انتظامی تنظیم نو کا حصہ قرار دیا ہے، وائلڈ بیریز روس اور دیگر ممالک میں آن لائن خریداری، فروخت اور اشیا کی ترسیل کا بڑا پلیٹ فارم ہے، جس کے ذریعے لاکھوں صارفین اور کاروباری ادارے تجارت کرتے ہیں۔

کمپنی میں یہ تبدیلیاں ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب آر ڈبلیو بی گروپ اپنے کاروباری اور ملکیتی ڈھانچے کو نئے سرے سے منظم کررہا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...