قازقستان میں تیزی سے پھیلنے والی پراسرار بیماری کی اطلاعات، سرکاری تفصیلات طلب
ماسکو: (شاہد گھمن) قازقستان میں شدید بخار، گلے کی تکلیف، کھانسی اور سر درد کے ساتھ پھیلنے والی بیماری کی اطلاعات کے بعد روس نے قازق حکام سے وبائی صورتحال کی سرکاری تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
روس کے وفاقی ادارے برائے تحفظِ صارفین و صحت عامہ، روسپوتریب نادزور، نے قازقستان کی وزارتِ صحت سے رابطہ کرکے بیماری کی نوعیت اور موجودہ صورتحال کے بارے میں معلومات مانگی ہیں۔
روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس کے مطابق 21 نومبر کو روسپوتریب نادزور نے بتایا کہ مختلف ذرائع ابلاغ میں قازقستان میں ایک ایسی بیماری کے پھیلاؤ کی خبریں سامنے آئی ہیں جسے مقامی طور پر ’’ناک ڈاؤن وائرس‘‘ کہا جارہا ہے۔ اس بیماری کی علامات میں بخار، گلے میں درد، کھانسی اور شدید سر درد شامل ہیں۔
روسی ادارے کے مطابق ان اطلاعات کے بعد قازقستان کی وزارتِ صحت سے ملک میں متعدی بیماریوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں باضابطہ معلومات طلب کی گئی ہیں تاکہ سامنے آنے والی رپورٹس کی حقیقت اور بیماری کے ممکنہ پھیلاؤ کا جائزہ لیا جاسکے۔
تاہم قازقستان کی وزارتِ صحت کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں سانس کی شدید وائرل بیماریوں اور انفلوئنزا کی مجموعی صورتحال مستحکم ہے اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ سالانہ موسمی رجحان کے مطابق ہے۔
روسی حکام نے بتایا کہ قازقستان کے سب سے بڑے شہر الماتی میں یکم نومبر سے اب تک سانس کی بیماریوں کی علامات کے ساتھ تقریباً 14 ہزار افراد نے طبی امداد حاصل کرنے کے لیے رجوع کیا ہے، جبکہ تقریباً 2 ہزار 800 بچوں کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔
الماتی کے محکمہ سینیٹری و وبائی نگرانی کے مطابق طبی امداد حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافے کی ایک بڑی وجہ موسم کے ساتھ سانس کی بیماریوں میں معمول کا اضافہ ہے۔ اس کے علاوہ متعدد والدین بچوں کو ابتدائی طبی مراکز کے بجائے براہِ راست ہسپتالوں کے ایمرجنسی شعبوں میں لے کر جارہے ہیں، جس سے ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی تعداد زیادہ دکھائی دے رہی ہے۔
روسی ادارے نے واضح کیا کہ قازقستان میں کسی نئے یا غیر معمولی وائرس کی موجودگی کی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق سانس کی بیماریوں اور انفلوئنزا کے کیسز میں اضافہ موسمی نوعیت کا ہے۔
دوسری جانب روسپوتریب نادزور نے روس میں بھی سانس کی بیماریوں کی صورتحال سے متعلق بتایا کہ ملک میں انفلوئنزا اور دیگر شدید سانس کی وائرل بیماریوں کے کیسز معمول کی موسمی سطح کے مطابق ہیں۔
روسی ادارے کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ان بیماریوں کے کیسز میں کچھ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی ایک وجہ اسکولوں کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد بچوں کی دوبارہ باقاعدہ تعلیمی سرگرمیوں میں شرکت ہے۔
روسپوتریب نادزور نے شہریوں کو یاد دلایا کہ انفلوئنزا کی شدید علامات اور خطرناک پیچیدگیوں سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن سب سے مؤثر حفاظتی اقدامات میں شامل ہے۔
روسی اور قازق حکام کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق فی الحال صورتحال کو معمول کے موسمی اضافے کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جبکہ روس نے قازقستان سے مزید سرکاری معلومات طلب کرکے وبائی صورتحال کی نگرانی جاری رکھی ہوئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments