شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رہنما شیریں مزاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نہ نکالنے کے خلاف توہین عدالت کیس میں وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کیس کی سماعت کی، شیریں مزاری اپنے وکیل احسن پیرزادہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

عدالت نے کل صبح ساڑھے 9 بجے تک وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی۔

یاد رہے کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر شیریں مزاری نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ 4 اپریل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل یکم دسمبر 2023 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے بھی نکالنے کا حکم دیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں