برمنگھم میں تعینات پی آئی اے کے ڈپٹی سٹیشن منیجر کا انٹرمیڈیٹ سرٹیفکیٹ بوگس نکلا

برمنگھم: (دنیا نیوز) برمنگھم میں تعینات پی آئی اے کے ڈپٹی سٹیشن منیجر کا انٹرمیڈیٹ سرٹیفکیٹ بوگس ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

برمنگھم میں پے گروپ چار کے مقامی ملازم جاوید اقبال باجوہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا، 30 جولائی کو ڈپٹی سٹیشن منیجر کے نام جاری شوکاز نوٹس کے مطابق 7 روز میں تحریری جواب جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔

شوکاز کے متن کے مطابق آپ کی جانب سے پیش کردہ تعلیمی دستاویزات کو تصدیق کے لئے متعلقہ تعلیمی بورڈ روانہ کیا گیا، 20 جولائی 2024ء کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے موصول جواب کے مطابق آپ کا انٹرمیڈیٹ سرٹیفکیٹ بوگس قرار دیا گیا۔

شوکاز کے متن میں مزید کہا گیا کہ آپ کا یہ فعل ایئرلائن کی ایمپلائز ڈسپلنری پالیسی 2019ء کی متعلقہ شقوں کی خلاف ورزی ہے، سات روز میں جواب نہ دینے کی صورت میں آپ کے خلاف ایئرلائن قوانین اور قواعد کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق جاوید اقبال باجوہ قومی ایئر لائن کا کئی دہائیوں سے ملازم ہے، جاوید اقبال نے دوران ملازمت برطانیہ منتقل ہونے پر وہاں کا مقامی ریگولر ملازم کا سٹیٹس حاصل کیا، ضابطے کے مطابق جاری شوکاز نوٹس کا مقررہ مدت میں جواب کا انتظار کیا جائے گا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق سرٹیفکیٹ کے اصل ہونے کا ثبوت فراہم نہ کرنے پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں