ملک کے مختلف حصوں میں دھند کا راج، موٹرویز بند، موسم خشک سرد رہنے کی پیشگوئی
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں، جبکہ حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث موٹرویز کے متعدد سیکشنز بند کر دیے گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے آئندہ تین روز کے دوران جنوبی اور وسطی پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے امکانات کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن، ایم تھری درخانہ سے فیض پور، ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں اور ایم الیون لاہور مین ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ ملتان۔سکھر موٹروے ایم فائیو پر بھی ٹریفک معطل رہی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں، ساہیوال اور دیگر وسطی و جنوبی پنجاب کے علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ بالائی سندھ خصوصاً سکھر اور گرد و نواح میں بھی دھند متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات اور علی الصبح دھند پڑ سکتی ہے۔
ادھر مجموعی طور پر ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور مستحکم رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں دن کے اوقات میں دھوپ برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، لاہور میں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری، جبکہ ملتان میں 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح کے وقت دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
پشاور میں موسم نسبتاً معتدل رہے گا جہاں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری کے درمیان رہنے کی پیش گوئی ہے، جبکہ کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں سردی کی شدت برقرار رہے گی اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
کراچی میں موسم بدستور گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جہاں درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا، تاہم سمندری ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار رہے گا۔
محکمہ موسمیات اور موٹروے پولیس نے شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دھند میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حدِ رفتار کم رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔