حکام کی غفلت ، پیچ ورک نہ ہونے پر رابطہ سڑکیں تباہ

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن علی عباس بخاری کی غفلت کے باعث سرکاری خزانے سے خرچ کئے گئے کروڑوں روپے بے سود ہوگئے فیصل آباد کی سڑکیں پیچ ورک نہ ہونے سے تباہ ہونے لگیں۔۔۔
جڑانوالہ روڈ، سمندری روڈ، سوساں روڈ، شیخوپورہ روڈ اور جھمرہ روڈ سمیت دیگر رابطہ سڑکوں پر بننے والے گڑھے شہریوں کیلئے درد سر بن گئے ۔ تفصیلات کے مطابق صنعتی شہر فیصل آباد ٹیکس دینے میں پہلے پانچ شہروں کی فہرست میں آتا ہے یہاں فیڈمک میں ہزاروں غیر ملکی انجینئرز اور ورکرز کام کررہے ہیں جبکہ کئی غیر ملکی کمپنیا ں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہیں لیکن اس کے باوجود چند نااہل اور کام چور افسران کی وجہ سے شہر کے بنیادی مسائل حل ہی نہیں ہورہے ، مریم نواز کی وزارت اعلیٰ کے دوران بھی میونسپل کارپوریشن کی روایتی غفلت اور چیف آفیسر کی کام چوری کے باعث شہر کی سڑکوں کی حالت زار تبدیل نہیں ہوسکی بلکہ حالت مزید خراب ہو رہی ہے جس کے باعث سرکاری خزانے کا نقصان ہورہا ہے ۔فیصل آباد کی شہری حدود میں جڑانوالہ ،سمندری ،سوساں ،شیخوپورہ اور جھمرہ روڈ سمیت دیگر رابطہ سڑکوں پر جگہ جگہ گڑھے بن چکے جنہیں فوری پیچ ورک کی ضرورت ہے ، ان گڑھوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ حادثات بھی معمول بن چکے ہیں ، حادثات میں شہریوں کی گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے ۔ ماہرین کے مطابق سڑک جب ایک جگہ سے ٹوٹتی ہے تو بروقت پیچ ورک نہ ہونے پر یہ سلسلہ آگے بڑھتا جاتا ہے اور پوری سڑک خراب ہو کر رہ جاتی ہے ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ماتحت افسروں کے سامنے بے بس ہو چکے ہیں۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن علی عباس بخاری سے موقف لینے کے لیے رابطہ کرنے پرٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے موقف دینے سے گریز کیا۔