ترقیاتی کام سست روی کا شکار ، ٹریفک نظام درہم برہم

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )کراچی میں اہم شاہراہوں سمیت چھوٹی بڑی سڑکوں اور رہائشی علاقوں کی گلیاں تباہ حالی کا شکار ہونے کے باعث شہری سخت مشکلات سے دوچار اور مسلسل حادثات کا شکار ہورہے ہیں ،ٹریفک مسائل بھی معمول بن گئے ۔
جس کے باوجود انتظامی اقدامات تاخیر کا شکار ہیں ۔ شہری سندھ حکومت ، میئر کراچی اور دیگر اعلی حکام کو دہرایا دے رہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں سڑکوں کی تباہ حالی شہریوں کیلئے بڑی مصیبت بنی ہوئی ہے ۔ شاہراہ پاکستان ، راشدمنہاس روڈ ، یونیورسٹی روڈ اور جیل روڈ سمیت دیگر اہم و مصروف شاہراہوں سمیت چھوٹی بڑی سڑکیں مختلف مقامات پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث ان راستوں سے گزرنے والے شہریوں کو سخت اذیت و مشکلات کا سامنا ہے ، سڑکوں کی تباہ حالی کے باعث ٹریفک مسائل اور حادثات بھی معمول بن گئے ہیں ، ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑکوں سے گزرنے والے شہری اکثر اوقات گڑھوں سے بچتے بچاتے ٹریفک حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ سڑکوں کی تباہ حالی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونا معمول بن گیا ہے ۔صبح و شام کے اوقات میں ٹریفک کے دباؤ کے دوران ٹوٹی سڑکوں کے باعث ٹریفک جام ہونا بھی معمول بن گیا ہے ۔ جس کے باعث شہریوں کیلئے منٹوں کا سفر طویل ہوجاتا ہے اور مہنگے ایندھن کے ضیاع بھی معمول بن گیا ہے ۔ شہر میں اہم شاہراہوں اور مصروف چھوٹی بڑی سڑکیں جہاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار نظر آتی ہیں ۔ وہی شہر کے کم و بیش تمام اضلاع میں معتدد رہائشی علاقوں کا انفرااسٹرکچر بھی بری طرح تباہ ہوچکا ہے ، حکومتی دعووں کے باوجود رہائشی علاقوں کی سڑکیں بھی برسوں بعد بھی تعمیر نہیں کی جاسکی ہیں ۔ جس کے باعث بھی شہریوں کو سخت ازیت و مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہر میں مختلف مقامات پر بڑے بڑے گڑھے اور سڑکوں پر کھلے مین ہولز بھی ٹریفک مسائل اور شہریوں کیلیے مشکلات کا سبب بن رہے ہیں ۔ شہر میں مختلف مقامات پر جاری ترقیاتی کام بھی سست روی و تاخیر کا شکار ہونے کے باعث بھی لاکھوں کی آبادی بری طرح متاثر ہورہی ہے ۔ دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شہر کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر و مرمت متعلقہ ٹی ایم سیز کی زمہ داری ہے ۔ کے ایم سی کے زیر انتظام 105 سڑکوں سمیت دیگر سڑکوں کی بہتری کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں ۔