ڈی سی کا آؤٹ آف سکول سروے ، بچوں کا داخلہ کرا دیا

لودھراں (سٹی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے آؤٹ آف سکول چلڈرن سروے کے دوران ملنے والے بچوں کا سکول میں داخلہ کرا دیا ۔۔
انہوں نے گھر گھر جا کر منفرد سکول داخلہ آگاہی مہم ،سرکاری سکول معیاری سکول اور آؤٹ آف سکول چلڈرن سروے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع لودھراں میں سکول داخلہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول داخلہ مہم کا آغاز گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول گگن ہٹہ لودھراں کے فیڈر ایریا وارڈ نمبر 19 میونسپل کمیٹی لودہراں سے کیا ۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر وہ خود ایک شہری فدا حسین کے گھر گئیں اور ان کے غیر داخل شدہ بچوں کے بارے میں دریافت کیا۔ دریں اثنا داخلہ مہم کے ساتھ ساتھ حقیقی معنوں میں آؤٹ آف سکول چلڈرن سروے کا بھی آغاز ہوا ۔ شہری نے بتایا کہ اس کے چار پوتے ہیں جو سکول جانے کی عمر کو پہنچ چکے ہیں لیکن وہ ان کو کسی پرائیویٹ سکول میں داخل کروانا چاہتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے بزرگ شہری کو قائل کہ وہ سرکاری سکول میں اپنے بچوں کو پڑھائیں ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر کے قائل کرنے پر شہری نے موقع پر ہی چاروں پوتوں کو گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول گگن ہٹہ میں داخل کروا دیا ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر کا گھر گھر سروے کے دوران شہریوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سکول داخلہ مہم میں زیادہ سے زیادہ اپنے بچوں کو داخل کروایا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر لودھراں نے اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لودھراں اسرارالحق کو ہدایت کی کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے اور پوری توجہ سے اس مہم کی نگرانی کی جائے ۔تقریب کے آخر میں بچوں کو داخل کرنے کے بعد دعا کی گئی۔