رمضان میں فلاحی خدمات کا شاندارسنگ میل عبور کیا‘رمضان طاہر

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ڈائریکٹر پاکستان بیت المال جنوبی پنجاب رانا محمد رمضان طاہر نے میڈیا سے گفتگو میں۔۔
بتایا کہ پاکستان بیت المال جنوبی پنجاب نے ماہِ رمضان المبارک کے دوران اپنی فلاحی خدمات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ایک شاندار سنگِ میل عبور کیا ہے ۔ رمضان ڈرائیو 2025 کے تحت 5لاکھ 69ہزار افراد کو افطاری فراہم کرکے ادارے نے اپنے ہدف کا 94فیصد کامیابی سے مکمل کیا۔ یہ پروگرام وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر شروع کیا گیا، جس کا مقصد ملک بھر میں 50لاکھ افراد تک افطاری کی فراہمی تھا۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال، کیپٹن (ریٹائرڈ) شاہین خالد بٹ کی زیرِ نگرانی اس مہم کو نہایت منظم اور مؤثر انداز میں عملی جامہ پہنایا گیا۔ جنوبی پنجاب کے 14 اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، لودھراں، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، تونسہ لیہ، پاکپتن، وہاڑی، خانیوال، راجن پور اور مظفرگڑھ،کوٹ ادو میں متعدد افطاری پوائنٹس قائم کیے گئے۔ ، جن میں ریجنل آفس، شیلٹر ہومز، پاکستان سویٹ ہومز، ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز اور بحالی مزدور واطفالان کے لیے قائم سکول شامل تھے ۔ اس کے علاوہ تین عدد ٹرک کھانا سب کے لیے کے پروگرام سے لیے گئے جن میں سے دو ملتان اور ایک بہاولپور کے ٹرکوں سے ریلوے سٹیشنوں ہسپتالوں اور بڑے پوائینٹس پر افطاری تقسیم کی گء جبکہ اخراجات میں 73.5 فیصد پاکستان بیت المال نے فراہم کیے اور23.5 فیصد المصطفے ٰ ویلفیر سوسائٹی نے فراہم کیا۔ 5 لاکھ 41 ہزار افطاریاں المصطفے ٰ ویلفیر سوسائٹی کے تعاون سے اور 28 ہزار افطاریاں پاکستان بیت المال کے اپنے وسائل سے سیلف کوکنگ فراہم کی گئیں اور 94 فیصد ہدف کامیابی حاصل کی۔