ترقیاتی منصوبے 30جون تک 100مکمل کریں‘قراۃ العین

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر قراۃالعین نے کہا ہے کہ جن ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز مکمل آچکے ہیں ان کو 30 جون تک 100 فیصد مکمل کیا جائے۔۔
، کسی قسم کی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔یہ بات انہوں نے ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فناس و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ انعم حفیظ بھی ہمراہ تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کے جو فنڈز آ چکے ہیں اس کے مطابق کام کو مکمل کیا جائے ،کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور کام کے معیار کو بہتر سے بہتر بنایا جائے ،متعلقہ محکموں کے افسروں اپنے اپنے ترقیاتی منصوبوں کا خود معائنہ کریں اور کام کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کریں۔انہوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ جن منصوبوں پر کام ہو رہا ہے اس کی تازہ تصاویر شیئرکریں تاکہ کام کا صحیح اندازہ لگایا جا سکے اور موقع پر کام کو چیک کیا جائے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں 210ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا گیا تھا جس میں سے 16 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 29 ارب 46کروڑ 44لاکھ روپے سے زائد ہے ۔ اب تک 15 ارب 87کروڑ 83لاکھ روپے سے زائد خرچ کئے جاچکے ہیں۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسرا نے یقین دلایا کہ 30جون تک مکمل فنڈڈ منصوبوں کی مکمل کرلیا جائے گاجبکہ دیگر منصوبوں کو فنڈز کی فراہمی کے تناسب سے مکمل کیا جائے گا۔