وال چاکنگ کے خاتمے کے لیے ایک ماہ کی مہلت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہم نے ضلع ملیر کی عوام کے لیے 225 ملین روپے کی لاگت سے چار ٹریک پر مشتمل آٹھ کلو میٹر طویل سڑک کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ۔۔
جس پر 225 ملین روپے لاگت آئے گی، منصوبہ چھ ماہ کے عرصے میں مکمل کیاجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ضلع ملیر کے علاقے میمن گوٹھ میں 225 ملین روپے کی لاگت سے چار ٹریک والی 8 کلومیٹر طویل سڑک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ملیر کے رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ شہر کی دیواروں پر وال چاکنگ کے خاتمے کے لیے ایک مہینے کا وقت دے رہا ہوں، وال چاکنگ کو ایک مہینے میں صاف کیا جائے ، ایک مہینے کے بعد پینٹ کرنے والے کے خلاف اور کروانے والے کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے پمپنگ اسٹیشنز پر بھی بجلی کی عدم فراہمی سے مسائل کا سامنا تھا، ان کو بھی سولرائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، مرغی خانہ برج کی تعمیر کا سہرا پاکستان پیپلز پارٹی کے سر ہے ، اور اب اس برج پر چار لین کا نیا پل تعمیر کیا جا رہا ہے ، شاہراہ بھٹو کے دوسرے مرحلے کا آغاز 30 اپریل سے ہوگا، جبکہ دسمبر تک کاٹھوڑ تک اس سڑک کو مکمل کر لیا جائے گا، سیاست اور مذہب دو الگ معاملات ہیں، عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ سڑکوں یا فلائی اوورز پر نہیں ہونی چاہیے ۔