ڈپٹی کمشنر میانوالی کی زیر صدارت کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس

میانوالی (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر خالد جاویدگورائیہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا ما ہانہ اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ میڈم مہوش نگاہ، ڈرگ انسپکٹر میانوالی وعیسیٰ خیل محمد عامر، ڈرگ انسپکٹر تحصیل پپلاں محمد اسامہ ابراہیم، انچا رج ڈی ایچ ڈی سی ڈاکٹر عزیر الرحمن ملک اور فارماسسٹ صلاح الدین خان نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ رولز کی خلاف ورزی کرنیوالے17 میڈ یکل سٹوروں اور فارمیسی مالکان کے کیسوں کی سماعت کے بعد 3میڈیکل سٹوروں کے کیسوں کو ڈرگ کورٹ ریفر کردیا، ایک میڈیکل سٹور کے مالک کیخلاف ایف آئی آردرج کرنے کے احکامات جاری کئے،6میڈیکل سٹورں کے مالکان کو وارننگ جبکہ 2کیسوں کی سماعت آئندہ اجلاس تک ملتوی کر دی۔اجلاس میں پا نچ میڈیکل سٹوروں کے مالکا ن غیر حاضر پا ئے گئے جس پر ڈپٹی کمشنر نے کوالٹی کنٹرول بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ ان میڈیکل سٹوروں کے مالکان کو قانونی نوٹسسز جاری کر کے انھیں آئندہ اجلاس میں طلب کیا جا ئے اور غیر حاضری کی صورت میں ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔انھوں نے کہا کہ حکو مت پنجاب کے ویژن کے مطابق تمام میڈیکل سٹوروں ، فارمیسیز کی با قاعدگی سے انسپکشن کویقینی بنا یا جا ئے اور جعلی، غیر معیاری، زائد المیعاد اور بغیر لائسنس کے ادویات فروخت کرنیوالے عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیا جا ئے ۔