درجنوں آبادیوں میں مویشی باڑے پھر قائم ، تعفن پھیل گیا، شہریوں کو مشکلات

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)نیو سیٹلائٹ ٹاؤن ،یوسف پارک،اسلام پورہ، ظفر کالو نی، رحما نپورہ،منور کالو ی سمیت درجنوں آبادیوں میں مویشی باڑوں نے ایک مرتبہ پھر قدم جما لئے اور متعلقہ مکینوں کا جینا محال کر کے رکھ دیا ہے۔۔۔
تفصیل کے مطابق قبل ازیں مویشی باڑوں کو شہر سے باہر منتقل کر دیا گیا تھا،مگرحکومت کی جا نب سے عدم توجہی اور انتظامیہ کی فرائض سے چشم پوشی کے باعث پھر سے یہ باڑے آباد ہو گئے ،گزشتہ سال بھی سابق سی او کارپور یشن نے خصوصی آپر یشن کر کے مویشی باڑوں کو بھاری جرما نے کئے اور انہیں شہر سے باہر منتقل ہو نے کیلئے وارننگ بھی جاری کی گئی مگر صورتحال جو ں کی توں ہے ، آبادیوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ مویشیوں کی آمدو رفت کے باعث لوگوں بالخصوص بچوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،مویشی باڑوں کے باعث اٹھنے والے تعفن سے نہ صرف سانس لینا دوبھر ہو چکا ہے بلکہ بیماریاں پھیل رہی ہیں، حکام سے متعدد مرتبہ رجوع کر چکے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی،جس کی وجہ سے شدید اذیت کا شکار ہیں، ا نہوں نے کمشنر و ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے فوری نوٹس لینے اور دوبارہ آپر یشن کا مطالبہ کیا ہے ۔