بورڈ آف ریونیو نے سرکاری وصولیوں میں فرق کو دور کرنے ، ریکوری کیلئے ڈیڈ لائن بڑ ھادی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)بورڈ آف ریونیو پنجاب نے سرگودھا میں ایگریکلچر انکم ٹیکس،سٹیمپ ڈیوٹی، کیپٹیل ویلیو ٹیکس اور رجسٹریشن فیسوں کی مد میں ہونیوالی وصولیوں میں واضح فرق کو دور کرنے۔۔۔
متفرق ریکارڈ کی درستی اورسو فیصد ریکوری یقینی بنانے کیلئے ڈیڈ لائن بڑھا دی، ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے تحت جائیدادوں کی رجسٹریوں کے دوران کیپٹیل ویلیو ٹیکس،سٹیمپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن فیس کی مد میں سب رجسٹرارز نے اب تک جتنی وصولیاں کی ہیں ان میں واضح فرق کی نشاندہی اور وصولیوں کی رفتار کی شرح بھی غیر تسلی بخش ہونے کے باعث 31مارچ تک ریکارڈ کے مطابق وصولیاں یقینی بنانے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی جس میں مناسب عملدرآمد نہ ہونے پر ممبر ٹیکسزبورڈ آف ریونیو پنجاب نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر زریونیو کو جاری گائیڈ لائن میں نئی ڈیڈ لائن 30اپریل مقرر کرکے ہدایت کی ہے کہ ناقص کارکردگی والے افسروں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کبھی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ ریونیو وصولی کے بہتر/ناقص کارکردگی کو افسران کے سروس ریکارڈکا حصہ بھی بنایا جائے ۔